الحمد للہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی سید الانبیاء والمرسلین وعلی آله وصحبه اجمعین ، اما بعد!
موجودہ زمانےمیں اللہ تعالی نے ہم انسانوں کو بہت سی سہولتوں سے نوازا ہے ، ا ن میں سے ایک انتہائی اہم سہولت جدید مواصلاتی نظام ہے جس نے دوریوں کو ختم کردیا ہے اور بہت سے ایسے کام آسان ہوگئے ہیں جو ماضی میں نا ممکن تھے ، اسی لئے اس سے جہاں زندگی کے دیگر شعبوں میں استفادہ کیا جارہا ہے وہیں تعلیم وتعلیم اور درس وتدریس کے لئے بھی اس کا استعمال بہت عام ہوچکا ہےاور کافی عرصے سے کالجوں اور یونیورسیٹیوں میں اس کے ذریعہ تعلیمی خدمات فراہم کی جارہی ہیں، ضرورت اس بات کی تھی کہ دینی تعلیم حاصل کرنے والوں اور اس کے شائقین کے لئے بھی آن لائن دینی تعلیم کا اچھا انتظام ہوتاکہ ان کے لئے بھی جدید سہولتوں کے ساتھ ’’علم دین‘‘ حاصل کرنا ممکن ہوسکے، چناں چہ اسی ضرورت کی تکمیل کی خاطر "معهد العلوم الاسلامية" کی خدمت شروع کی گئی ہے جس کے ذریعہ ابتدائی تعلیم کے ساتھ علیا اور اختصاص کے شعبوں کی تعلیم بھی دی جائے گی ، اس خدمت کا مقصد یہ ہے کہ علم دین کا حصول آسان بنایا جائے تاکہ سارے لوگ اسے حاصل کرسکیں ؛ کیونکہ نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے: علم دین حاصل کرنا ہر مسلمان (مرد وعورت) پر فرض ہے۔ (مسند ابی حنیفہ:۱، ابن ماجہ: ۲۲۴)
معهد العلوم الاسلامية کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ علم دین کی میدان میں امتیازی شان رکھنے والے ملک وبیرون ممالک کے علماء کرام سے طلبہ کا استفادہ آسان ہو اور وہ بھی ان کے محاضرے یا درس میں شرکت کرکےبراہِ راست ان کے فیض علم سے مستفیض ہوسکیں۔ ان شاء اللہ معهد العلوم الاسلامية کے طلبہ وطالبات کو مدینہ یونیورسٹی ، ام القریٰ یونیورسٹی، دارالعلوم دیوبند، مظاہر العلوم سہارنپور، ندوۃ العلماء لکھنؤکے مؤقر اساتذہ کے ساتھ ساتھ ملک اور بیرون ملک کے جید اور نامور علماء سے استفادہ کا موقع ملے گا۔وصلی اللہ علی سیدنا محمد وآله وصحبه اجمعین والحمد للہ رب العالمین۔